نئی دہلی: حکومت نے مرکزی ملازمین اور پنشن یافتگان کو دیوالی کا تحفہ دیتے ہوئے انھیں گذشتہ یکم جولائی سے دو فیصد مہنگائی الاؤنس
دینے کا اعلان کیا ہے۔ وزیر اعظم مودی کی صدارت میں کابینہ کی آج یہاں
ہونے والی میٹنگ میں اس ضمن میں فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس کے بعد وزیر خزانہ
ارون جیٹلی نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ تمام مرکزی ملازمین کو گزشتہ یکم
جولائی سے دو فیصد مہنگائی الاؤنس اور پنشن ہولڈرز کو دو فیصد مہنگائی
بھتہ ملے گا۔ مہنگائی بھتے کی یہ قسط ساتویں تنخواہ کمیشن کی سفارشات پر
مبنی فارمولے کے مطابق قبول کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس سے سرکاری خزانے پر ہر سال 5622 کروڑ 10 لاکھ روپے کا
اضافی بوجھ پڑے گا جبکہ رواں مالی سال میں یہ 3748 کروڑ 06 لاکھ روپے رہے
گا۔ اس اعلان سے 50 لاکھ 68 ہزار سرکاری ملازمین اور 54 لاکھ 24 ہزار پنشن
یافتگان کو فائدہ ہو گا۔
مرکزی حکومت نے اپنے ملازمین اور پنشن یافتگان کے لئے یکم جنوری 2016 سے
ساتویں تنخواہ کمیشن کی سفارشات نافذ کی تھیں۔ انہیں گذشتہ یکم جولائی سے
نئی تنخواہ ملنا شروع ہو گئی ہے جبکہ جنوری سے جون تک کے بقایا ایک ساتھ
دیا گیا ہے۔